77

ملک میں کورونا کے وار، جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہوگئی، 1235 افراد متاثر

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس سے پنجاب میں ایک اور ہلاکت سامنے آگئی جس کے بعد ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی جبکہ مزید 56 کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بھی 1235 تک جا پہنچی ہے۔

سندھ میں 429، پنجاب میں 408، خیبر پختونخوا میں 147، بلوچستان میں 131، گلگت بلتستان میں 91، اسلام آباد میں 27 اور آزاد کشمیر میں کرونا وائرس کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ملک بھر میں اب تک وائرس سے متاثر 23 مریض صحت یاب ہوگئے جبکہ 7 کی حالت تشویشناک ہے۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق کورونا وائرس سے لاہور میں ایک اور ہلاکت ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں اب تک تین افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس سے قبل ایک شخص لاہور اور ایک خاتون راولپنڈی میں جاں بحق ہوچکی ہے۔
گزشتہ روز جاں بحق ہونیوالا 75 سالہ شخص لاہور کے علاقے ٹاؤن شپ کا رہائشی تھا اور اس کا سیمپل اسکے گھر میں ہی لیا گیا تھا۔ معمر شخص پہلے ہی متعدد بیماریوں کا شکار تھا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ٹوئٹ میں بتایا کہ پنجاب میں 408 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ میں 207، ملتان کے قرنطینہ میں 19، لاہور میں 103، گجرات میں 22، گوجرانوالہ میں 8، جہلم میں 19، راولپنڈی میں 14، ملتان ، فیصل آباد ، منڈی بہائوالدین میں3، 3، میانوالی میں 2 جبکہ نارووال، رحیم یار خان، سرگودھا، اٹک اور بہاولنگر میں ایک، ایک شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ پنجاب میں 10 مریضوں کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں اس لئے مریضوں کی تعداد بڑھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں